اردو وکیپیڈیا
میرے بلاگ کے قارئین اس بات سے واقف ہوں گے کہ اردو وکیپیڈیا انٹرنیٹ پر میری سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز ہے، اور میں وہاں منتظمین میں بھی شامل ہوں۔ کئی قارئین نے میری توجہ دلائی بلکہ مطالبہ کیا کہ میں اردو وکیپیڈیا پر لکھے گئے اپنے مضامین یہاں اپنے بلاگ پر پیش کیا کروں۔ گو کہ میری کوشش رہتی ہے کہ میں ہر چیز کو اس کی الگ جگہ پر اہمیت دوں۔ بلاگ پر لکھے گئے مضامین میں کسی اور سائٹ پر پیش نہیں کرتا، اردو محفل کی سرگرمیاں بھی وہیں تک محدود ہیں جبکہ اردو وکیپیڈیا کو میں ایک الگ کام گردانتا ہوں اور وہاں کے مضامین وہیں تک محدود رکھتا ہوں لیکن جب معاملہ یہاں تک پہنچ جائے کہ اصرار کرنے والوں کی تعداد بڑھ جائے اور میرے تکنیکی کمزوری کے بہانے بھی نہ چل پائیں تو پھر مجبوری ہو جاتی ہے۔
بہت ہی عزیز بلاگر عمار ضیاء خان نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے میرے بلاگ میں یہ سب ڈومین سیٹ کیا ہے جہاں پر مجھے اردو وکیپیڈیا والے مضامین شامل کرنے کو کہا گیا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ اردو وکیپیڈیا پر مضامین کے معیار کو مزید بڑھاؤں اور انہیں زیادہ سے زیادہ یہاں پیش کر پاؤں۔
علاوہ ازیں وہاں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت، انتظامی صورتحال، دیگر ساتھیوں کے بہترین مضامین کو بھی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔
اس سلسلے میں مجھے احباب کی مدد اور رہنمائی بھی درکار ہوگی، امید ہے ہمیشہ کی طرح اس سلسلے میں وہ کوئی کوتاہی نہ برتیں گے۔
نوٹ: وکیپیڈیا پر مضامین میں مستقلاً تبدیلی ہوتی رہتی ہے، اس لیے یہاں پیش کردہ مضامین صرف جاری کردہ تاریخ تک کی معلومات ہی کے عکاس ہوں گے۔
تبصرے(4)
بہت خوب۔
واہ! سب سے پہلے آپ کی آمد نے حوصلوں کو بڑھایا ہے۔ امید ہے کہ یہ کوشش اچھی لگے گی۔
بلاشبہ یہ ایک بہترین کاوش ہے، کچھ روز قبل وکی پیڈیا پر ہوئی ایک بحث میں یہ بات اٹھائی گئی تھی کہ اردو وکیپیڈیا کی تشہیر کیسے کی جائے. دوسرے طریقوں کے ساتھ ساتھ میرے خیال میں یہ ایک بہترین قدم ہے کہ ہم اپنے اپنے بلاگز کے ذریعے اس کو ممکن بنائیں، آپ کبھی ناں کبھی اپنے بلاگ پر پہلے بھی پانی میں کنکر کی طرح کوئی ناں کوئی بحث چھیڑ کر ایسا کرتے آئے ہیں لیکن اس بلاگ کی مدد سے منظم طریقہ سے یہ کام ہو سکے گا.
مبارکباد قبول کیجیے اور عمار بھیا کا بھی شکریہ
پسندیدگی کا شکریہ عمر! میرا مقصد صرف اردو وکیپیڈيا پر لکھے گئے مضامین پیش کرنا نہیں ہے بلکہ وہ تو بلاگستان میں اس کام کی اہمیت اور نوعیت کو واضح کرنے کے لیے ہے، بلکہ میرا اصل مقصد وکیپیڈیا کی تشہیر اور وہاں کام کرنے کو آسان سے آسان تر بنانے کے لیے مختلف طریقوں کو پیش کرنا ہے۔ اگر آپ چاہیں تو آپ بھی یہاں لکھ سکتے ہیں۔